منڈگوڈ 15؍اگست (ایس او نیوز) پچھلے کچھ عرصے میں منڈگوڈ شہر میں چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہوگیا تھا جس سے عوام کافی پریشان تھے۔ مگر اب پتہ چلا ہے کہ پولیس نے چوروں کی ایک ٹولی کو اپنے شکنجے میں لینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔مگر پولیس کی طرف سے اس بارے میں ابھی تک کوئی جانکاری فراہم نہیں کی گئی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ تمام تحقیقات پوری ہونے کے بعد ہی تفصیلات ظاہر کی جائیں گی۔پولیس کی طرف سے رازداری برتنے کی وجہ سے شہر کے لوگوں میں مختلف قسم کی افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ہے۔ عوام یہ جاننے کے لئے بے چین ہیں کہ گرفتار شدہ ٹولی میں کون کون شامل ہے۔ جبکہ دوسری طرف کچھ لوگوں کویہ خوف بھی کھائے جارہا ہے کہ کہیں ان کے اپنے بچے تو اس طرح کی وارداتوں میں شامل نہیں تھے۔ جب تک پولیس کی طرف سے واضح رپورٹ سامنے نہیں آتی تب تک اس طرح کی الجھن بنی رہے گی۔